نئی دہلی، 26؍جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بلیک منی کے معاملے پر اپنی حکومت کے سخت موقف کااعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دو ٹوک لہجہ میں کہا کہ غیر اعلانیہ آمدنی رکھنے والے لوگوں کے پاس 30؍ستمبر تک اپنی آمدنی کا خلاصہ کرنے کاآخری موقع ہے اور ایسا نہ کرنے والوں کو بعد میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔مودی نے آج ’من کی بات‘ پروگرام میں کہاکہ جن لوگوں کے پاس غیر اعلانیہ آمدنی ہے ان کے لیے حکومت ہند نے ایک موقع دیا ہے کہ آپ اپنی غیر اعلانیہ آمدنی کا اعلان کردیں ۔حکومت نے غیر اعلانیہ آمدنی کا اعلان کرنے کی خاص سہولت ملک کے سامنے پیش کی ہے۔جرمانہ دے کر متعدد طرح کے بوجھ سے آزاد ہوا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ رضاکارانہ طور پر جو اپنی ملکیت کے سلسلے میں، غیر اعلانیہ آمدنی کے سلسلے میں حکومت کو معلومات دے گا، حکومت ان کی کسی بھی قسم کی جانچ نہیں کرے گی۔اتنا پیسہ کہاں سے آیا، کس طرح آیا ،ایک بار بھی پوچھا نہیں جائے گا۔اس لیے میں کہتا ہوں کہ اچھا موقع ہے کہ آپ ایک شفاف نظام کا حصہ بن جائیے۔وزیر اعظم نے کہا،میں ہم وطنوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ 30؍ستمبر تک کی یہ اسکیم ہے، اس کو ایک آخری موقع مان لیں۔میں نے درمیان میں اپنے ممبران پارلیمنٹ کو بھی کہا تھا کہ 30؍ستمبر کے بعد اگر کسی شہری کو تکلیف ہو، جو سرکاری قوانین سے جڑنا نہیں چاہتا ہے، تو ان کی کوئی مدد نہیں کی جاسکے گی۔30؍ستمبر کے بعد ایسا کچھ بھی نہ ہو، جس سے آپ کو کوئی تکلیف ہو، اس لیے بھی میں کہتا ہوں کہ اچھا ہو گا کہ 30؍ستمبر سے پہلے آپ اس نظام کا فائدہ اٹھالیں اور 30؍ستمبر کے بعد کی ممکنہ پریشانیوں سے اپنے آپ کو بچا لیں۔